کچھ عرصہ قبل میں نے سمارٹ فون سے پشتو لکھنے کے لئے ایک اچھا سا کی بورڈ تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی ۔ کچھ کی بورڈز ملے ضرور لیکن ایک تو وہ فونیٹیک نہیں تھے، دوسرامسئلہ یہ تھا کہ ڈیزائن اور کارکردگی بہتر نہیں تھی۔ آخر میں نے سویفٹ کی کی بورڈ والوں سے رابطہ کیا جن کا کی بورڈ میں انگریزی، اردو اور کبھی کبھی چائینیز لکھنے کے لئے استعمال کرتا تھا۔ جواب میں اُن کی طرف سے ایک انجینئر نے مجھ سے رابطہ کیا اور اپنے کی بورڈ میں پشتو شامل کرنے کے لئے رضاکارانہ تعاون مانگ لیا۔ میں نے پشتو کی بورڈ کا لے آوٹ ڈیزائن کرنے اور الفاظ کا ایک چھوٹا سا ذخیرہ مرتب کرنے میں ان کی مدد کی اور کچھ دنوں کے بعد انہوں نے پشتو کا یہ خوبصورت کی بورڈ اپنے کی بورڈ ایپلی کیشن میں شامل کردیا۔ اس پشتو کی بورڈ کی خصوصیت یہ ہے آپ کو فونیٹیک اور “غیر فونیٹیک” دونوں کی بورڈز استعمال کرنے کے آپشنز دیتا ہے۔
سویفٹ کی کی بورڈ منتخب کرنے کی وجہ اس کا بہترین ڈیزائن، الفاظ تجویز کرنے کا بہترین نظام، استعمال کرنے والے کا کی بورڈ پر کنٹرول اور خوبصورت تھیمز ہے۔
سب سے پہلے گوگل پلے سے اس لنک پر سویفٹ کی کیبورڈ انسٹال کریں۔ اگر آپ کو گوگل پلے تک رسائ حاصل نہیں ہے تو اس ڈراپ باکس لنک سے اے پی کے فائل ڈاون لوڈ کرکے انسٹال کریں۔
انسٹالیشن مکمل ہوجانے کے بعد سویفٹ کی کیبورڈ لانچ کرلیں، یہ سکرین سامنے آجائے گی۔ اس میں سے پہلا آپشن منتخب کریں۔
اگلی سکرین پر سیٹنگز میں سویفٹ کی کیبورڈ کو فعال کردیں۔
اس کے بعد سویفٹ کی کیبورڈ کو اپنے ڈیفالٹ کی بورڈ کے طور پر منتخب کریں۔
سویفٹ کی کیبورڈ کی انسٹالیشن اور ایکٹیویشن مکمل ہوگئی۔ اب آپ اسے استعمال کرسکتے ہیں لیکن ابھی اس میں پشتو زبان شامل نہیں۔ پشتو زبان شامل کرنے کے لئے اسے ڈاون لوڈ کرنا ہوتا ہے۔ کی بورڈ کے اوپری بائیں کونے میں موجود تین بارز پر ٹیپ کرکے سیٹنگز میں جائیں۔
سیٹنگز میں Languages میں جائیں۔
یہاں پر زبانوں کی لسٹ میں پشتو تلاش کریں اور سیلیکٹ کریں۔ پشتو زبان ڈاون لوڈ ہونا شروع ہوجائیگی۔
ڈاون لوڈنگ مکمل ہونے کے بعد پشتو زبان انسٹال کردہ زبانوں کی لسٹ میں آجائیگی جہاں سے اپ اسے فعال یا غیر فعال کرسکتے ہیں اور کی بورڈ لے آؤٹ بدل سکتے ہیں۔
پشتو زبان پر ٹیپ کرنے سے آپ کے سامنے لے آؤٹ کے انتخاب کی سکرین آجائے گی۔ وہاں سے آپ عام پشتو لے آؤٹ اور فونیٹیک لے آؤٹ میں سے ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ فونیٹیک لے آؤٹ زیادہ بہتر آپشن ہے کیوں کہ عام لے آؤٹ میں کی بورڈ کیز بہت چھوٹی ہوتی ہیں جن پر ٹائپنگ مشکل ہوتی ہے۔ جبکہ جو لوگ پہلے سے اردو فونیٹیک کی بورڈ استعمال کررہے ہیں، اُن کے لئے بھی اس میں آسانی رہے گی کیوں کہ دونوں کی بورڈز بڑی حد تک ایک دوسرے سے مشابہہ ہیں۔
مزید ضروری سیٹینگز
سویفٹ کی کیبورڈ انسٹال کرنے کے بعد کچھ مزید سیٹنگز کرنا بھی ضروری ہیں۔ ان میں Auto Correction بند کرنا اور وائبریشن وغیرہ ختم کرنا شامل ہیں۔ یہ سیٹنگز کرنے کے لئے Typing میں جائیں اور وہاں سے Typing and Autocorrect میں جائیں۔
یہاں پر Auto Correct آف کردیں
اس کے بعد keys میں جا کر لانگ پریس کا دورانیہ کم کرکے تین سو ملی سیکنڈز سے کچھ زیادہ یا کم سیٹ کریں۔ اس کی ضرورت اس لئے ہے کہ پشتو کی بورڈ میں لانگ پریس پر بہت سارے حروف لکھے جاتے ہیں اور لانگ پریس کا دورانیہ زیادہ ہو تو ٹائپنگ مشکل ہوتی ہے۔
ان کے علاوہ آپ بٹن پریس کرنے کی آواز اور وائبریشن بھی ختم کرسکتے ہیں کیوں کہ یہ غیر ضروری ہیں۔۔۔۔۔۔۔
One Comment on “موبائل فون سے پشتو کیسے لکھیں؟ ”